کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علمائے اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستار چشتی نے بلوچستان میں گندم وچینی کی قیمتوں میں اضافہ اور سپلائی میں رکاوٹوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان کے عوام کو گندم، آٹا اورچینی کی سپلائی کو بلاتعطل یقینی بنایا جائے آٹا، گندم اور چینی سے بھرے ٹرکوں کوقانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود کئی کئی ہفتے چیک پوسٹوں پر کھڑا کیا جاتا ہے۔جس کے باعث ایک بوری آٹے کی قیمت 14ہزار روپےاور چینی پارسل چھ ہزار روپےسے تجاوز کر چکا جس کےباعث بلوچستان میں آٹےاور چینی کا بحران پیدا ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ان پابندیوں کے باعث بلوچستان کے غریب عوام کو گندم اور آٹا پورے ملک کی نسبت مہنگا مل رہا ہے ،آٹا اور چینی کے شدید بحران سے عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔گندم کی کٹائی مکمل ہونے کے باوجود بلوچستان میں آٹے کی قیمتوںمیں اضافہ باعث افسو س ہے ۔صوبے کا گندم دیگر صوبوں کو منتقل ہورہا ہے۔صوبائی حکومت کی بے بسی اور وفاقی حکومت کے ظلم سے اس صوبے کے عوام کے لیے گندم اور آٹا خریدنا دسترس سے باہر ہو چکا۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت بلوچستان میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے ۔