مانچسٹر (نمائندہ جنگ) پاکستان کے معروف قانون دان سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان سید کلیم احمد خورشید ایڈووکیٹ نے کلیئر ویو سولیسٹر کے چیف نمائندہ سید ساجد علی شاہ سے ان کی رہائش گاہ مرشدآباد پر ملاقات کی ۔اس موقع پر سید ساجد علی شاہ نے کلیم احمد خورشید ایڈووکیٹ کا گلدستہ پیش کر کے خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں شخصیات نے پاکستان کی معاشی ،سیاسی صورتحال ، بڑھتی ہوئی مہنگائی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا۔ سید کلیم احمد خورشید ایڈووکیٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کی پاکستان کے زرمبادلہ کے زخائر میں اضافہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی دیار غیر میں اپنے وطن سے محبت دیدنی ہے، انہوں نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کاحق استعمال نہ کرنے دینے اور اوورسیز نوجوان نسل کی مذہبی اور معاشرتی تربیت میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر راچڈیل کی کاروباری اور سماجی شخصیت شوکت میر،اظہر صدیق ایڈووکیٹ ، راچڈیل میٹروپولیٹن کے کونسلر وزیر شاہ، ڈاکٹر رضوان باجوہ، زیڈ اے سولیسٹر کے چیف ایگزیکٹو زاہد مصطفی ، ملک یاسر اعوان اور سید نقی امام بھی موجود تھے۔