اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) 9جولائی 1971ء میں امریکی صدر رچرڈ نکسن کے مشیر قومی سلامتی ہنری کسنجر نے اسلام آباد کا ہنگامی دورہ کیا جس کی کوریج کیلئے امریکہ سمیت دنیا بھر کے صحافی پہلے ہی پہنچ گئے تھے۔
اسلام آباد میں اُس وقت صدر یحییٰ خان کی فوجی حکومت تھی۔ بین الاقوامی صحافیوں کو یہ بھنک پڑ چکی تھی کہ امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر ہنری کسنجر پاکستان کی وساطت سے پیپلز ریپبلک آف چائنا کے ساتھ امریکہ کے سرد مہری کے تعلقات میں بتدریج گرمجوشی پیدا کرنے کیلئے چین کا دورہ کر سکتے ہیں۔
ہنری کسنجر پی آئی اے کے طیارے کے ذریعے چکلالہ ائربیس پر اُترے۔ صدر یحییٰ خان اور انکے اہم وزیروں سے ملاقات کی۔ بعض پروگرام طے پائے ان میں سے ایک پروگرام یہ تھا کہ چونکہ عالمی میڈیا ہنری کسنجر کا پیچھا کر رہا ہے اسلئے یحییٰ خان کے رفقاء نے ایک گاڑیوں کا کانوائے اسلام آباد سے نتھیاگلی روانہ کیا جس میں ایک بلٹ پروف وی وی آئی پی گاڑی میں ہنری کسنجر سے مشابہت رکھنے والا ایک طویل قامت گورے کو سوار کیا گیا اور اس کا میک اپ یوں کیا گیا جیسے وہ ہنری کسنجر ہیں۔
سکیورٹی اور موٹر گاڑیوں کا یہ کانوائے گورنر ہائوس نتھیاگلی میں داخل ہوا جہاں غیرملکی میڈیا کی گاڑیوں کو رسائی نہ تھی۔
غیرملکی میڈیا کو گورنر ہائوس نتھیاگلی کی دیواروں کے باہر روک لیا گیا اور ادہر یحییٰ حکومت نے ہنری کسنجر کے جہاز کو پیکنگ کیلئے محو پرواز کر دیا۔
راقم چونکہ 1970ء سے جنگ گروپ میں صحافتی خدمات ادا کر رہا تھا اُس نے یہ سب صورتحال کا مشاہدہ کیا۔
یونائیٹڈ سٹیٹ کے سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر 1971ء میں جب چین کے دارالحکومت پہنچے تو اس وقت چین کے دارالحکومت کا نام پیکنگ تھا اور گزشتہ روز قبل جب چینی لیڈر شی جن پنگ نے ’’چین کے سابقہ دوست‘‘ اور سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر کو خوش آمدید کہا تو اس وقت چین کے دارالحکومت کا نام پیکنگ کی بجائے بیجنگ کیا جا چکا تھا۔ دورہ کے نتیجے میں چینی وزیراعظم چواین لائی اور امریکی صدر رچرڈ نکسن کے مابین رابطہ شروع ہوا۔
ڈاکٹر کسنجر نے یہ دلچسپ انکشاف بھی کیا کہ چین سے پہلا پیغام کس طرح ہاتھ سے لکھا ہوا پاکستان کے اس وقت کے واشنگٹن کے سفیر آغا ہلالی نے وہائٹ ہائوس واشنگٹن میں پہنچایا۔
ہنری کسنجر اس وقت کے چین اور امریکہ کے درمیان سرد مہری کو گرم جوشی میں تبدیل کرنیوالی شخصیت کے طور پر دنیا بھر میں جانے جاتے رہے اور 20جولائی 2023ء کو جبکہ انکی عمر ایک سو سال تک چلی گئی ہے اور انکے سر کے بال چاندی دکھائی دے رہے تھے‘
گزشتہ جمعرات کو امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی سے دوچار تعلقات کو ہنری کسنجر کی صدر شی سے ملاقات کے نتیجے میں خوشگوار تبدیلی رونما ہوئی ہے۔