حیدرآباد(بیورورپورٹ)حیدرآباد پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ،ڈی آئی بی انچارج،پی آر او حیدرآباد پولیس سمیت 8افسران کے تبادلے اور تقرریاں،سابق ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ لنجار کی ٹیم کی واپسی،اہم عہدوں پر تقرریاں کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے ہفتہ کواپنی تقرری کے بعد پہلی مرتبہ حیدرآباد پولیس کے افسران کے بڑے پیمانے پر تقرری اور تبادلے کرتے ہوئے ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر جنید احمد عباسی کا تبادلہ کرکے انہیں پولیس لائین رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے اور ان کی جگہ پولیس لائین سے اکبر لوند کا تبادلہ کرکے انہیں ڈی آئی بی انچارج مقرر کردیا ہے۔جبکہ پی آر او حیدرآباد پولیس انسپکٹر محمد عثمان شاہد کو تبادلہ پولیس لائین کرکے ان کی جگہ سابق پی آر اور کانسٹیبل اویس راجپوت کو پی آر او مقرر کردیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایچ او حسین آباد انسپکٹر فیض علی شاہ کا تبادلہ کرکےپولیس لائن رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے اور کی جگہ پولیس لائین سےانسپکٹر محمد اسلم بلو کا تبادلہ کرکے انہیں ایس ایچ او تھانہ حسین آبادمقرر کردیاہے۔