سجاول (این این آئی)سجاول میں پولیس موبائل کے ذریعے گٹکے اور پان پتی کی اسمگلنگ کے سنسنی خیز انکشاف کے بعد سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ) نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق سجاول بائی پاس پر پولیس موبائل ٹرک سے ٹکرا گئی تھی، تلاشی لینے پر سیکورٹی موبائل سے بھاری مقدار میں گٹکا اور پان پتی برآمد ہوئی۔ پولیس نے موبائل ڈرائیور سمیت دو افراد کو حراست میں لے کر سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی موبائل سیکورٹی زون ون کی ہے، جو سندھ حکومت کی ایک اہم شخصیت کی سیکورٹی پر مامور تھی ۔زیرِ حراست ڈرائیور یہ سامان کراچی سے لے کر جا رہا تھا اور اسے ہر پیکٹ پہنچانے کے عوض 1500 روپے ملنے تھے۔ پولیس نے ڈرائیور کی نشاندہی پر شیر محمد نامی ایک اور شخص کو بھی گرفتار کر لیا ہے ۔سی ٹی ڈی حکام اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ سرکاری گاڑی کو اس گھنانے کاروبار کیلئے کب سے استعمال کیا جا رہا تھا اور اس میں مزید کون سے بااثر افراد ملوث ہو سکتے ہیں۔