کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہےکہ آج ایم کیو ایم کے رکن طہ احمد خان نے تسلیم کیا کہ وہ فارم47کے ذریعے آئے ہیں، اگر وہ فارم47کے ذریعے نہ آتے تو اس قرارداد کی حمایت کرتے،وزیر اعلیٰ سندھ کی پیش کردہ قرارداد کی ہر وہ شخص حمایت کرے گا جو جائز طریقے سے ایوان میں پہنچا ہے۔سندھ اسمبلی میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ نے جو قرارداد پیش کی ہے، اس کی ہر وہ شخص حمایت کرے گا جو جائز طریقے سے اس ایوان میں پہنچا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے ہر شہر کے لوگ باشعور ہیں، یہاں ہر ضلع سے منتخب ہونے والے افراد موجود ہیں اور جو لوگ کسی اور طریقے سے آئے انہوں نے بھی تسلیم کر لیا ہے کہ وہ غلط طریقے سے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس میں ایک کانفرنس ہوئی تھی، اس کانفرنس میں ایک بھی ایسا شخص موجود نہیں تھا جو عوام کے ووٹوں سے کونسلر بننے کی صلاحیت رکھتا ہو۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کون کہتا ہے کہ بلدیاتی کونسلیں کام نہیں کر رہیں، تمام بلدیاتی نمائندے اپنے اختیارات کے تحت کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کے پاس ۔مینڈنیٹ تھا تو وہ بلدیاتی انتخابات سے کیوں بھاگے؟ ان کو پتا تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے، اس لئے یہ لوگ بلدیاتی انتخابات سے بھاگ گئے۔انہوں نے کہا کہ کراچی دنیا کے بہترین شہروں میں شامل ہے، کراچی اگر اتنا پسماندہ ہوتا تو پورا پاکستان علاج کے لئے کراچی کیوں آتا ہے؟پورا پاکستان روزگار کے لئے کراچی کیوں آتا ہے۔