پنگریو (این این آئی)سندھ میں رواں سال شوگر کرشنگ سیزن غیر معمولی طور پر مختصر ہو گیا اور صوبے کی اکثر ملوں نے باقاعدہ نوٹس جاری کر کے کرشنگ عمل بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے باعث چینی کی مجموعی پیداوار میں نمایاں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ گنے کے کاشتکار شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ذرائع کے مطابق کئی اضلاع میں شوگر ملیں طے شدہ مدت سے قبل ہی بند ہو گئیں۔شوگرکین انڈسٹری سے وابستہ حلقوں کے مطابق اس سال گنے کی کاشت کا رقبہ کم رہا، پانی کی قلت، موسمی تغیرات اور اخراجات میں اضافے نے فی ایکڑ پیداوار کو متاثر کیا،جسکے باعث ملوں کو مطلوبہ مقدار میں گنا دستیاب نہ ہو سکا اورکرشنگ سیزن سکڑ گیا۔رپورٹس کے مطابق بعض ملوں نے گنے کی کم سپلائی اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کو بنیاد بنا کر کرشنگ روک دی، جبکہ کچھ ملوں نے مالی مسائل اور مارکیٹ کی غیر یقینی صورتحال کو بھی جواز قرار دیا۔ ماہرین کے مطابق سیزن کے مختصر ہونے سے چینی کی پیداوار میں کمی واقع ہوگی جس سے آئندہ مہینوں میں مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔