کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا ہے کہ اسد قیصر اور پرویز خٹک چیئرمین تحریک انصاف کا پیغام لائے تھے.
پی ٹی آئی کی تین شرائط ہم نے مان لیں، نئے آرمی چیف کی تقرری ان کی مرضی سے کرنے کی شرط نہیں مانی، انتخابی اصلاحات کمیٹی نے رات دو بجے کے بعد آنے والے انتخابی نتائج قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نگراں وزیراعظم اسے ہونا چاہئے جو وقت پر ذمہ داری پوری کرکے عہدہ چھوڑ دے.
انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا، نگراں وزیراعظم کا کام وقت پر صاف و شفاف انتخابات کرانا ہے، وثوق سے نہیں کہہ سکتا الیکشن میں بلے کا نشان ہوگا یا نہیں ہوگا، سائفر کیس کے بعد چیزیں گرم ہوگئی ہیں عمران خان کیلئے مشکلات بڑھتی نظرآرہی ہیں.
آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل میں شہباز شریف اور اسحاق ڈار کا بڑا کردار ہے، وزیراعظم اور ایم ڈی آئی ایم ایف کی میٹنگ میں شیری رحمن اور مریم اورنگزیب آیتیں پڑھ رہی تھیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔
چیئرمین انتخابی اصلاحات کمیٹی اور وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے مزید کہا کہ نگراں وزیراعظم کا کردار بہت محدود ہوتا ہے، موجودہ معاشی صورتحال میں نگراں وزیراعظم کو تھوڑا سا بااختیار بنانا چاہئے، نگراں وزیراعظم کا کام وقت پر صاف و شفاف انتخابات کرانا ہے، 60 یا 90 دن میں انتخابات ہوجانے چاہئیں، یہ گنجائش نہیں کہ نگراں وزیراعظم مقررہ مدت کے بعد بھی بیٹھا رہے۔