کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھارت کے خلاف ایمرجنگ ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد پاکستان شاہینز کے کھلاڑی مختلف فلائٹس سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد پہنچ گئے۔اس سے قبل گذشتہ شب شاہینز کا فتح کے بعد کولمبو میں ہوٹل پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے پلیئرز نے شاہینز کا تالیاں بجاکر استقبال کیا، بابر اعظم ، شاہین آفریدی ، سرفراز اور حسن علی نے نوجوان پلیئرز کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر بھی موجود تھے۔ افسوسناک بات ہے کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد مسرور کے والد پیر کو انتقال کر گئے۔ دریں اثنا شاہینز کے کپتان محمد حارث نے جیت کو تمام کھلاڑیوں و کوچنگ اسٹاف کی محنت اور ٹیم اسپرٹ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ سینئر ٹیم بھی ہمارے ساتھ منا رہی ہے۔ حارث نے کہا کہ ہم نے ٹورنامنٹ میں مختلف کامبی نیشن آزمائے۔ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کی کوشش کی ۔ فائنل سے پہلے پاکستان ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں سے بات کی تھی۔ ٹیم سے بابر اعظم کی ملاقات بہت حوصلہ افزا تھی ۔