• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی گیمز، سندھ کیلئے سوئمر حریم کا گولڈ، فائقہ کا ڈبل کراؤن، پاک آرمی کے میڈلز کی سنچری

کراچی (نصر اقبال / اسٹاف رپورٹر) قومی گیمز میں سندھ کی پیراک حریم ملک نے 200 میٹرز بریسٹ اسٹروک میں گولڈ میڈل جیتا، یہ سندھ کا نیٹ بال کے بعد دوسرا گولڈ میڈل ہے۔ ریسلنگ میں کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ انعام بٹ نے گولڈ میڈل جیت کر 18ویں مرتبہ نیشنل چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ ایتھلیٹکس میں واپڈا کی فائقہ ریاض نے 200 میٹرز ریس میں گولڈ جیت کر ڈبل کراؤن مکمل کی جبکہ ایچ ای سی کی خولہ عمر خان نے سلور اور واپڈا کی سنینا سرور نے برانز میڈل حاصل کیا۔پاکستان آرمی کی پیراک جہاں آرا نبی اور بسمہ خان نے دودو گولڈ میڈلز جیت کر ڈبل کراؤن حاصل کی۔ پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر 71 گولڈ، 29 سلور اور 18 برانز میڈلز کے ساتھ تمغوں کی سنچری مکمل کرلی۔ خواتین ہاکی میں سندھ اور پاکستان واپڈا کا میچ برابر ہو گیا۔ قومی خواتین ہاکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی صوبائی ٹیم نے ایک بڑے محکمے کیساتھ میچ برابر کھیلا۔ریسلنگ کے پہلے روز واپڈا نے دو، آرمی اور پنجاب نے ایک ایک گولڈ میڈل جیتا۔ خواتین کے جیولن تھرو میں واپڈا کی فاطمہ نے گولڈ، ایچ ای سی کی خدیجہ مہرین نے سلور اور پنجاب کی ثنا اعجاز نے برانز جیتا۔مردوں کی 110 میٹرز رکاوٹوں کی دوڑ کا گولڈ میڈل آرمی کے محمد نعیم کے نام رہا، خواتین کی 800 میٹرز ریس میں واپڈا کی ارم شہزادی نے گولڈ جیتا۔ تلوار بازی فوائل اسٹائل میں بلوچستان کی بریرہ نے گولڈ، بنین نے سلور اور ایچ ای سی کی عابدہ و مشال نے برانز میڈل حاصل کیا۔ سیبور اسٹائل میں کریمہ نے فریال کو شکست دے کر گولڈ جیتا۔سوئمنگ میں پاکستان آرمی کی پیراکوں نے پانچ گولڈ اور ایک برانز میڈل جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی، سندھ نے ایک گولڈ اور تین سلور، واپڈا نے تین سلور اور پنجاب نے تین برانز میڈلز کے ساتھ دوسری تا چوتھی پوزیشنیں حاصل کیں۔فٹبال میں پی اے ایف نے بلوچستان کو ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، کبڈی میں واپڈا نے کے پی کے کو، پی اے ایف نے سندھ کو اور آرمی نے پنجاب کو ہرایا۔

اسپورٹس سے مزید