تل ابیب( ایجنسیاں،جنگ نیوز )اسرائیل کی پارلیمنٹ نے شدید مظاہروں اور مخالفت کے باوجود سپریم کورٹ کے اختیارات کو محدود کرنے کا متنازع عدالتی اصلاحات کا ترمیمی بل منظور کر لیا۔عرب میڈیا کے مطابق متنازعہ عدالتی اصلاحات کے ترمیمی بل کے حق میں حکومتی اتحاد کے 64 اراکین نے ووٹ دیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ترمیم کا بائیکاٹ کیا گیا۔بل کی منظوری سے سپریم کورٹ کے چند اختیارات کو محدود کر دیا گیا ہے جبکہ اسرائیلی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متنازعہ بل کی منظوری کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔بل پر ووٹنگ کے دوران سینکڑوں اسرائیلی شہریوں نے پارلیمنٹ کی عمارت کا گھیراؤ بھی کیا جبکہ اسرائیلی پولیس نے وزیر خزانہ کے گھر کا گھیراؤ کرنے کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔