صوفیہ (عظیم ڈار) قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز یافتہ یواین او کا اعزاز رکھنے والے آرٹ ڈائریکٹر بلال جاوید اور مشہور فوٹوگرافر عمران چوہدری کی بین الاقوامی فوٹوگرافی اور آرٹ ورک کی نمائش سفارتخانہ پاکستان بلغاریہ کے زیر اہتمام صوفیہ میں انعقاد پذیر ہوئی۔ اس موقع پر بلغاریہ میں پاکستان کی سفیر مدیحہ آفتاب نے مختلف ملکوں کے سفارت کاروں، بلغاریہ کے اعلیٰ افسران و عہدے داروں کو پاکستان کی تہذیب و ثقافت ،رسوم و رواج کے بارے میں بتاتے ہوئے ثقافتی ورثے پر مفصل روشنی ڈالی۔ انھوں نے آرٹ ڈائریکٹر بلال جاوید اور عمران چوہدری کے بنے فن پاروں کو سراہا جس میں پاکستان کے خوبصورت مناظر کو خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا جنہیں دیکھ کر بہت سے غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ نمائش میں آرٹ ڈائریکٹر بلال جاوید اور عمران چوہدری کے منفرد خوبصورت تصویری کام پر مشتمل بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں منعقدہ نمائش میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، تاریخی عمارات کے ساتھ ساتھ پاکستان کے طول و عرض میں موجود گلگت بلتستان ، کشمیر اور خیبر پختون خوا کے قدرتی مناظر اور فطرت کے حسین نظاروں پر مشتمل تصاویر جو پاکستان کے خوبصورت پہاڑی سلسلوں، جاذب نظر وادیوں، گلیشیئرز سے لے کر آبشاروں، قدرتی جھیلوں پنجاب کے میدانوں، چولستان کے صحرا، وادی سندھ تک پھیلے تاریخی اہمیت کے حامل آثار قدیمہ کے مناظر، بلوچستان کے وسیع علاقوں، پہاڑوں، سیاحتی مقامات، گوادر کے ساحلوں، درہ خنجراب سے کراچی کی بندرگاہوں تک کے منفرد اور خوبصورت مناظر کو کینوس پر مہارت اور خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔ آرٹ ڈائریکٹر بلال جاوید پاکستان کی خوبصورت اور اچھوتی تصاویر کی نمائشیں ’’پاکستان دیکھو، پاکستان سے پیار کرو‘‘ (See Pakistan – Love Pakistan) کے عنوان سے دنیا کے کئی ممالک فرانس، کینیڈا، سری لنکا، عرب امارات، آسٹریلیا، نائیجر وغیرہ میں نمائشیں منعقد کر چکے ہیں، اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ماحولیات سے متعلق خصوصی اجلاسوں اور عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے مواقعوں پر اقوام متحدہ کے ماحولیات کے مقاصد کے حصول اور بصری ترویج کو دنیا بھر میں عالمی موسمیاتی تبدیلی، گلوبل وارمنگ کے خطرات سے آگاہ کرنے کےلیے ماحولیات سے درپیش خطرات سے آگاہی کی مہم میں رضاکارانہ طور پر اپنا حصہ ڈالنے کیلئے 2015 میں فرانس 2016 میں مراکش 2018 میں پولینڈ 2019میں اسپین 2021میں برطانیہ اور 2022 میں مصر میں ’’فطرت کو بچائیں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے‘‘(Save Nature - Before It’s too Late) کے عنوان سے ، فضائی آلودگی اور پانی کی کمی جیسے لاحق خطرات سے عوام کو آگاہ کرنے اور فوری طور پر ان ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے اپنی ذاتی کاوشوں، اور وسائل سے بنائی گئی منفرد تصاویر کی نمائشیں منعقد کیں جن کو دنیا بھر کے سفارت کاروں ،صحافیوں اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے بیحد پسند کیا اور ان کے اعلیٰ کام کی خوب تعریفیں کیں جو پاکستان کیلئےباعث فخر ہیں۔