• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں 19 اکتوبر کو فکر طلباء کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جے ٹی آئی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت طلباء اسلام بلوچستان کے صدر حافظ محمد حسن شہاب اور جنرل سیکرٹری شاہ زاہد مشوانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں 19 اکتوبر کوفکر طلباء کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس کے مہمان خصوصی قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن ہوں گے ، کانفرنس کی کامیابی کیلئے صوبائی سطح پر سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت طلباء اسلام ملک گیر طلبا تنظیم ہے جس نے ملکی تاریخ کے مختلف ادوار میں تحریک بحالی جمہوریت ، تحریک نظام مصطفیٰ سمیت مختلف تحریکوں اور طلبا حقوق کی جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس سے مولانا فضل الرحمٰن ، امیر جمعیت علما اسلام بلوچستان مولانا عبدالواسع ، مرکزی صدر جے ٹی آئی ہدایت اللہ پیرزادہ سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پیش آنے والا شرمناک اور دلخراش واقعہ سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں ۔ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے پہلے بلوچستان یونیورسٹی بھی ایک ایسا ہی اسکینڈل رونما ہوا تھا اگر بلوچستان یونیورسٹی واقعہ کے ذمہ داران کو کڑی سزا دی جاتی تو آج بہاولپور میں یہ واقعہ رونما نہ ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ سوئیڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے المناک واقعات رونما ہوئے ہیں جن کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے اور او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی سطح پر مقدس کتابوں اور ہستیوں کی توہین کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے اور قانون سازی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی سمیت پرائیوٹ تعلیمی اداروں کی فیسوں میں بے تحاشا اضافہ کیا گیا ہے جس سے غریب طلباء حصول تعلیم سے محروم ہورہے ہیں حکومت غریب طلباء کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے فیسیں کم کرئے ۔
کوئٹہ سے مزید