اولڈہم (پ ر) اسسٹنٹ ڈائریکٹر امیگریشن، ایف آئی اے شوکت نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، ہمارے ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، لیکن افسوس یہ ہے کہ ہم بحیثیت قوم مسلسل اپنے فرائض سے غفلت برت رہے ہیں، اگر قوم کا ہر فرد اپنا فرض ایمان داری سے ادا کرنا شروع کر دے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی، عسکری اور رفاہی لحاظ سے ایک مضبوط ملک بن کر ابھرے گا۔ وہ نجی دورے پر انگلینڈ پہنچنے کے بعد قصر عمر اولڈہم میں چیئرمین پاسبان صحابہ برطانیہ محمد عمر توحیدی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عصرانے میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وافر وسائل اور باصلاحیت افراد کے بکثرت موجود ہونے کی وجہ سے پاکستان سرمایہ کاری کے لئے موزوں ترین ملک ہے، لہذا اوور سیز پاکستانی سرمایہ کار ضرور اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں، اس میں ملک و قوم اور سرمایہ کار ہر دو کا فائدہ ہے۔ پاکستان میں سیاحتی مقامات کے حوالے سے شوکت نواز نے کہا کہ شمالی علاقوں کی خوبصورتی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ انہیں یورپی ممالک سے بہتر قرار دیا جاتا ہے، اور مقامی آبادی بھی بہت مہمان نواز ہے، لہذا آپ لوگ اپنی فیملیز کے ہمراہ ان علاقوں کا سفر ضرور کریں یہ یقینا آپ کے لیے یاد گار ہوگا۔ عصرانے میں موجود ممتاز سیاسی شخصیت سجاد خان، کونسلر فدا حسین، ابرار احمد ن، چیئرمین چھچھ ویلفیئر ایسوسی ایشن برطانیہ اور دیگر نے بھی تبادلہ خیالات کیا۔