کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فارمولا متعارف کروانے کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں ، پی پی پی موڈ کے تحت چلنے والے منصوبوں کے نتیجے میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بہتری آئی ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے دائرہ کار میں پی پی پی حکومت کی کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایف پی پی سی آی ٹاور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گورننس اور شفافیت کو بڑھانا سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کا تعاقب رہا ہے ، تاجر برادری کو سہولیات فراہم کئے بغیر ملک کی ترقی ناممکن ہے، تجارت کے فروغ کے بغیر معاشی استحکام کا سفر طے نہیں کیا جاسکتا، آصف علی زرداری کے دورِ صدارت میں معیشت سے متعلق کوئی بھی پالیسی تاجر برادری سے مشاورت کے بغیر نہیں بنائی جاتی تھی، انہوں نے کہا کہ موثر اقتصادی سفارت کاری پائیدار اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے اور تجارت کو وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی منظرنامہ مسلسل تبدیل ہو رہا ہے۔ میں نے ہمیشہ اس بات کی وکالت کی ہے کہ تاجر اور خواتین منفرد خصوصیات کی حامل ہوتی ہیں جو انہیں موثر سفیر بناتی ہیں۔ بین الاقوامی تجارت اور کاروبار میں ان کی مہارت انہیں قوموں کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے بھی قابل بناتی ہے۔ سرحد پار سرمایہ کاری کو فروغ دے کر جغرافیائی سیاسی جھٹکوں کو برداشت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور وزیر خارجہ انہوں نے اپنے بیرون ملک دوروں کے دوران، تاجر برادری کے کاروبار کے تحفظ ، فروغ اور عالمی ویلیو چین میں ان کے انضمام کے لیے کاوشیں اٹھائی ہیں۔