کوئٹہ (خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمٰن بلوچ کی زیر صدارت 14 اگست جشن آزادی کی مناسبت سے ریلوے اسٹیشن پرتقریب کے انعقاد اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمانڈنٹ چلتن بریگیڈ بریگیڈیئر مرزا یاسربیگ ، صوبائی سیکرٹری انفارمیشن حمزہ شفقت ، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کامران اسد،ایس ایس پی سیکورٹی عظمت شاہ، لیفٹیننٹ کیپٹن ظہور اکبر،ڈی ایس پی ریلوے پولیس وزیر علی،اے ڈی سی جنرل انور کاکڑ،اے سی پی پولیٹکل کوئٹہ ڈویژن بابر خان،سی ایم او میٹروپولیٹن کارپوریشن وحید احمد کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ہرسال کی طرح امسال بھی 14 اگست یوم آزادی کی تقریبات کو قومی جوش و جذبےسے منایا جائے گا اس سلسلے میں 14 اگست کی رات کو ریلوے اسٹیشن پر تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔جس میں عوام کی تفریح کے لیے فوڈ اسٹالز ،میوزک پروگرام، رنگ برنگی لائٹنگ ،ثقافتی رقص آتش بازی کا مظاہرہ اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ریلوے اسٹیشن کےداخلی اور خارجی انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس نصب اور سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے ،عوام کی سہولت کے لیے پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جائے گا جبکہ تقریب میں سیکورٹی کے فرائض ریلوے پولیس ،سی ٹی ڈی اور ایف سی کے جوان انجام دیں گے، اجلاس میں کہا گیا کہ جشن آزادی کے موقع پر شہر میں ہلڑ بازی اور عوام کو بلا جواز تنگ کرنے والے عناصر کے خلاف بھی موثر کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور شہر بھر میں ہلڑ بازی کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس مشترکہ طور پر کاروائی کریں گی۔ ریلوے اسٹیشن پر 12بجے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے افسران تمام تیاریوں کے سلسلے میں فوکل پرسن ہوں گے جو تیاریوں کا جائزہ اور مشکلات کے تدارک کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں گے۔ اجلاس خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ جشن آزادی کی تقاریب میں بلوچستان کے رنگ کو نمایاں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں۔