• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان جلد مشکلات سے نکل جائے گا، سید زاہد رضا، پاکستان زندہ باد، حمزہ یوسف

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں یوم آزادی پاکستان کی تقریب پرجوش طریقے سے منائی گئی ۔تقریب میں اسکاٹ لینڈ کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صبح11 بجے قونصل جنرل پاکستان سیدزاہد رضا نے اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف کے ساتھ مل کر قومی ترانے کی گونج میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کرسنائے گئے۔ قونصل جنرل پاکستان سید زاہد رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کے فضل سے ہم پاکستان کا 76واں یوم آزادی منا رہے ہیں، اس وطن کیلئے ہمارے آبائواجداد نے مال و جان کی بے شمار قربانیاں دیں اور انہی قربانیوں کی بدولت ہم ایک آزاد ملک میں اپنی دینی و ثقافتی اقدار کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں۔ سیدزاہد رضا نے کہا کہ بے شک اس وقت ہمارا ملک چند مشکلات کا شکار ہے لیکن ہمیں یقین کامل ہے کہ انشااللہ ہم اس بحران سے جلدباہر آجائیں گے اور ہمارا مستقبل شاندار ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے کہا کہ پاکستان سے آئی ہوئی ہماری پہلی نسل کے بزرگوں کی شبانہ روز محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہماری نئی نسل یہاں اسکاٹ لینڈ میں زندگی کی بہترین سہولتوں سے فائدہ اٹھا رہی ہے، میں اسکاٹش حکومت کا فرسٹ منسٹر ہوں، انس سرور لیبرپارٹی کے لیڈر ہیں، صادق خان لندن کے میئر ہیں اور دیگر بے شمار افراد اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، اب اس بات کی کوئی اہمیت نہیں کہ ہم کہاں سے آئے ہیں بلکہ یہ کہ ہماری منزل ایک ہے اور ہم سب ایک ہیں۔ حمزہ یوسف نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو ہمارے اس سے بہترین روابط ہمیشہ استوار رہیں گے، ہماری دوستی ریاست پاکستان اور عوام سے ہے۔ ہم نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں خاصی امداد بھی دی ہے۔ آخر میں حمزہ یوسف نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔

یورپ سے سے مزید