پشاور(جنگ نیوز) اسسٹنٹ کمشنر لوئر چترال محمد عاطف جالب نے بکراباد، چمرکھن اور جوٹی لشٹ میں مختلف ہوٹلوں، دکانوں، تندوروں اور دیگر کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے گرانفروشی، ناقص صفائی صورتحال اور سرکاری نرخنامے کی عدم موجودگی پر متعدد دکانداروں کے خلاف قانونی کاروائی کی۔انہوں نے دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو صفائی کا خاص خیال رکھنے اور سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیاء خوردونوش کی فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور متنبہ کیا کہ آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے جی پی ایس چمرکھن اور جی ایچ ایس چمر کھن کا دورہ کیا۔ سکول پرنسپلوںاور اساتذہ سے ملاقات کی اور طلباء سے مختلف مضامین اور موضوعات پر سوالات کئے جن کے طلباء نے جوابات دیئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے سکولوں میں سہولیات، اساتذہ و طلباء کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔