• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے بالی ووڈ کے نئے ڈان پر پورا بھروسا ہے، فرحان اختر

فرحان اختر، فائل فوٹو
فرحان اختر، فائل فوٹو 

بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار و اداکار فرحان اختر نے فلم ’ڈان‘ کی تیسری انسٹالمنٹ میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو بطور ڈان متعارف کروا دیا ہے۔

بلاک بسٹر فلم سیریز ’ڈان‘ کی تیسری انسٹالمنٹ میں اداکار رنویر سنگھ کو ڈان کے روپ میں دیکھ کر مداح زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔

کچھ شائقین نے فلم سیریز کی 2025ء میں ریلیز ہونے والی تیسری انسٹالمنٹ کے ٹیزر کی تعریف کی ہے لیکن کچھ شائقین نے ہدایت کار کو دھمکی دی ہے کہ وہ فلم کا بائیکاٹ کریں گے۔

لیکن فرحان اختر کو بالی ووڈ کے نئے ڈان رنویر سنگھ پر پورا بھروسا ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

فرحان اختر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں بالکل پریشان نہیں ہوں اور رنویر کو بھی نہیں ہونا چاہیئے، میں بغیر کسی شک و شبہ کے کہہ سکتا ہوں کہ وہ فلم میں بہت زبردست کارکردگی دکھانے والا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مداحوں کی جانب سے اس طرح کا ردِعمل اس وقت بھی دیکھنے کو ملا تھا جب 2006ء میں شاہ رخ خان نے اس کردار کو سنبھالا تھا تو اب بھی اس طرح کے ردعمل کی ہی توقع کی جانی چاہیئے۔

فرحان اختر نے فلم سیریز ’ڈان‘ سے لوگوں کے جذباتی وابستگی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ میں مداحوں کے جذبات کو سمجھتا ہوں اور ان کا  احترام کرتا ہوں۔


انہوں نے مایوس اور پرجوش دونوں طرح کے مداحوں کی تعریف کرتے ہوئے یہ تسلیم کیا کہ فلم کی میراث مضبوط جذبات کو جنم دیتی ہے۔ 

فرحان اختر نے اپنی بات کو مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میری توجہ ایک دلکش فلم بنانے پر مرکوز ہے جو شائقین کو پسند آئے۔

یاد رہے کہ یہ ’ڈان‘ کا مشہور کردار سب سے پہلے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے 1978ء میں ادا کیا تھا اور پھر 2006ء اور 2011ء میں شاہ رخ خان نے بطور ڈان مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید