لندن، لاہور (مرتضیٰ علی شاہ، ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے الزام عائدکیا ہےکہ چیف جسٹس توشہ خانہ سے القادر ٹرسٹ تک کرپشن میں ملوث شخص کو بچانے کیلئے سرگرم ہیں.
جسٹس عمر عطاء بندیال کیریئر کو داؤ پر لگا رہے ہیں وہ جانتے ہیں یہ بندہ کرپٹ ہے، پاکستان کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، جبکہ ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کا چیئرمین پی ٹی آئی کی وکالت کرنا (انہیں) سابق وزیراعظم کو اچھا نہیں بنا سکتا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان اربوں کی چوری میں پکڑے گئے ہیں اور وہ توشہ خانہ سے القادر ٹرسٹ تک اربوں کی چوری کے مقدمات میں ملوث ہیں لیکن چیف جسٹس انہیں تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ جانتے ہیں یہ بندہ کرپٹ ہے اور اس نے پاکستان کو تباہ کیا ہے، اپوزیشن میں سوائے دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کے سوا کچھ نہیں کیا، اقتدار میں آکر بھی اس نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
نواز شریف نے کہا کہ ایک وقت تھا جب چیف جسٹس ثاقب نثار، آصف سعید کھوسہ، اعجاز الاحسن، شیخ عظمت سعید اور ایک اور جج مجھے سلاخوں کے پیچھے ڈالنے، نااہل کرنے اور کسی بھی قیمت پر میری حکومت ختم کرنے کے جنون میں مبتلا تھے۔ انہوں نے ہمارے خلاف کوئی کسر نہیں چھوڑی۔