کراچی (نیوز ایجنسیاں) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خودکش حملہ آور جہنم کے کتے ہیں ہم ان سے ڈرتےنہیں،ملک سے انتہائی پسندی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھا ڑ پھینکیں گے جو سمجھتے ہیں ہم جنگ سے تھک گئے وہ غلط فہمی کا شکار ہیں، چاہے کچھ بھی ہوجائے ہم لڑینگے، یہ ہمارا گھر ہے اور اسے ہم اپنے انداز سے چلائینگے، معصوم لوگوں کی جانیں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،غدر مچانے والے خارجیوں کیلئے واضح پیغام ہے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں ، بٹگرام میں مقامی لوگوں اور فوج نے ملکر بچوں کو ریسکیو کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بٹگرام میں کامیاب ریسکیو آپریشن پر ہم سب بہت زیادہ خوش ہیں اور انشا اللّٰہ اس کا جشن بھی منائینگے، ان 7 بچوں نے ہمیں بحیثیت قوم اکھٹا کردیا۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں جتنے بھی اداروں نے حصہ لیا مجھے ان پر فخر ہے، ہمارے دفاعی ادارے نہ صرف بیرونی محاذ پر بلکہ قدرتی آفات اور اندورنی ریسکیو آپریشنز میں آگے آکر مرکزی کردار ادا کرتے ہیں اس سے ہمارا ان پر اعتماد مزید پختہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں سوشل میڈیا پر دیکھ رہا تھا کہ اس صورتحال کی اصل روح سے ہٹ کر بحث کا رخ کسی اور جانب موڑنے کی کوشش کی جارہی تھی، میرا خیال ہے ہمیں ایسے مواقع پر اس سے گریز کرنا چاہیے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کل ایک اور المیہ ہوا اور ہمارے 10 جوان وزیرستان میں شہید ہوگئے، جو لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ لڑ کر تھک جائیں گے وہ اس غلط فہمی میں نہ رہیں، یہ جنگ کوئی فرد واحد نہیں بلکہ قومیں لڑتی ہیں۔