اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم انوار الحق کاکڑ آئندہ ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے امریکا جائیں گےامریکا روانگی سے قبل وزیراعظم کاکڑ سعودیہ اور امارات کا دورہ بھی کرینگے۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد جمعہ کو پہلی مرتبہ آبائی صوبے کا دورہ کرینگے، کان ہنرزئی جانیکا فیصلہ نہ ہوسکا وزیر اعظم سیکرٹریٹ نے 18 سے 23 ستمبر کی تاریخ اس دورے کیلئے طے کر دی ہے۔
وزیر اعظم کاکڑ امریکی صدر جو بائیڈن کے استقبالیے میں بھی شرکت کریں گے جو سربراہی اجلاس کے افتتاح کے موقع پر دیا جائے گا۔
صدر بائیڈن اور اور ان کی اہلیہ جل بائیڈن مینہٹن میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز سے متصل امریکن میوزیم آف نیشنل ہسٹری میں اس ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔
یہ سربراہی اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی ترقی کو بے مثال دھچکا لگا ہے۔
زمین کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے، جنگ اور مہنگائی کے کے ساتھ غربت اور غذائی عدم تحفظ کے مسائل مزید بگڑ رہے ہیں جبکہ عدم مساوات گہری ہوتی جا رہی ہے۔