اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے مشن چندریان 3 کی چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے پر بھارت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کا چاند پر پہنچنا بڑی کامیابی ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے آسٹریلوی ہائی کمشنر کے گھر پر ناشتے میں سیاسی رہنماؤں کی شرکت معمول کی بات ہے،پاکستان نے کبھی برکس کا رکن بننے کی درخواست نہیں کی، لیکن جنوبی افریقا میں برکس سمٹ کے فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا،افغان حکام نے پاکستانی وفد کو اپنی سرزمین پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لئے استعمال نہ ہونے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، بھارت 2003کے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، پاکستان 21 اگست کو لائن آف کنڑول پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتا ہے۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان وزارت خارجہ نے ڈونلڈ بلوم اور سکندر سلطان راجہ کے مابین گزشتہ روز ہونے والی بیٹھک کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سفارتکاروں کی مقامی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات معمول کی بات ہے۔