لندن (جنگ نیوز)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف نے عمران خان کی سزا معطل ہونے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی اور چیف جسٹس کا ’گُڈ ٹو سی یو‘ اور ’وشنگ یو گڈ لک‘ کا پیغام اسلاآباد ہائی کورٹ تک پہنچ گیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیصلہ آنے سے پہلے ہی سب کو پتا ہو کہ فیصلہ کیا ہوگا تو یہ نظام عدل کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہئے ۔شہباز شریف نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ سے واضح پیغام مل جائے تو ماتحت عدالت یہ نہ کرے تو اور کیا کرے، نواز شریف کی سزا یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ جج لگایا گیا تھا، لاڈلے کو بچانے کیلئے خود چیف جسٹس مانیٹرنگ جج بن گئے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نظامِ عدل کا یہ کردار تاریخ کے سیاہ باب میں لکھا جائے گا، ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قابلِ قبول نہیں،گھڑی بیچ کھانے والے کے سامنے قانون بے بس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چور اور ریاستی دہشت گرد کی سہولت کاری ہوگی تو ملک میں عام آدمی کو انصاف کہاں سے ملے گا۔