کراچی ( جنگ نیوز) دُنیائے کرکٹ کے ایک اور بڑے ایونٹ ”ایشیا کپ“ کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا ہے۔ 2ستمبر کو ہونے والے پاکستان اور بھارت کے کرکٹ میچ کا کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کیلئے شائقین کا جنون بھی بڑھتا جارہا ہے اور اِسی جنون کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ”جیونیوز“ نے پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں کو ایک بار پھر ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرکے ٹیلی ویژن کی تاریخ کا اور بڑا ٹاکرا کرانے کا اہتمام کیا ہے جس میں ”جیونیوز“ پاکستان، ”آج تک نیوز“ اور ”اے بی پی نیوز“ مشترکہ نشریات پیش کریں گے۔ پاک بھارت بڑے پینل میں پاکستان کی جانب سے معین خان، عبدالرزاق، سکندر بخت جبکہ بھارت کی جانب سے وکرانت گپتا، سنیل گواسکر، مدن لعل اور ہربھجن سنگھ، کپل دیو، اتل واسن اور سنجے بنگر نمائندگی کریں گے۔ پہلا ٹاکرا شب 8 بجکر5منٹ پر ”جیونیوز“ اور ”آج تک نیوز“ کے مابین ہوگا جس کی میزبانی شہزاد اقبال کریں گے جبکہ دوسرا ٹاکرا ”جیونیوز“ اور ”اے بی پی نیوز“ کے درمیان رات 11 بجکر 5 منٹ پر نشر ہوگا اور اس کے میزبان دانش انیس ہیں۔ کرکٹ ماہرین کی سب سے بڑی ٹیم اس مقابلے کی لمحہ بہ لمحہ اَپ ڈیٹس اور رپورٹس بھی ”جیونیوز“ کے ذریعے ناظرین تک پہنچائے گی۔