کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیر خزانہ محمد یونس ڈھاگا نے کہا ہے کہ پاکستان انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کا علاقائی مرکز ہے، صوبائی نگراں حکومت کی توجہ حکومت کے امور میں ڈیجیٹلائزیشن اور آٹو میشن پر بڑھانے پر مرکوز ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم ہو سکیں ، نگراں وفاقی اور صوبائی حکومتیں اسپیشل فیسیلیٹیشن انویسٹمنٹ کونسل (ایس ایف آئی سی) کے ویژن کو سپورٹ کرتے ہوئے ملک بھر میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ ہفتہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں آئی ٹی سی این ایشیا 2023 کے اختتامی سیشن کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر ملک کے معاشی اشاریوں کو بہتر بنانے میں کلیدی اہمیت کا حامل شعبہ ہے جو ملک میں زمبادلہ لانے کے ساتھ روزگار کے مواقع مہیا کرتے ہوئے مالیاتی شمولیت بڑھانے میں فعال کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت مالیاتی اور زرعی شعبہ میں آئی ٹی ایپلی کیشنز متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے تاکہ مالیاتی شمولیت کا دائرہ وسیع کرنے کے ساتھ سندھ میں فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ وفاقی حکومت کے قریبی تعاون اور اشتراک سے آئی ٹی کی ایکسپورٹ 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔ نمائش کے منتظم نائب صدر ای کامرس گیٹ وے عمیر نظام نے کہا کہ آئی ٹی سی این ایشیا نے ملک کی اہم معاشی سرگرمی بن چکا ہے جس میں آئی ٹی کے شعبہ میں 11کروڑ ڈالر مالیت کے کاروباری سودے طے کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین روزہ نمائش میں 57ہزار افراد نے شرکت کی۔