بیجنگ(نیوزڈیسک)دیوارِ چین میں ایکسکیویٹر کے ذریعے سوراخ کرنے والے 2افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق چین کے صوبے شانزی میں پولیس نے دیوار کے ایک حصے میں شارٹ کٹ بنانے کے لیے استعمال ہونے والی مشینری کے نشانات کی جانچ کی۔سرکاری میڈیا کے مطابق مشتبہ افراد نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا کہ انہوں نے دیوار میں شارٹ کٹ بنا کر علاقے میں سفر کا دورانیہ کم کرنے کے لیے ایکسکیویٹر کا استعمال کیا تھا۔سرکاری نشریاتی ادارے ’’سی سی ٹی وی‘‘ نے گزشتہ روز اطلاع دی کہ مشتبہ افراد نے دیوار کو ’ناقابل تلافی نقصان‘ پہنچایا ہے، جسے اتنا عرصہ گزر جانے کے باوجود نسبتاً بہتر حالت میں محفوظ حصے کے طور پر بیان کیا جاتا رہا ہے۔چین کے سرکاری ٹی وی پرنشر کی جانے والی تصاویر میں واقعے کے بعد کے مناظر دکھائے گئے، جہاں زمین کے ایک طویل، ابھرے ہوئے حصے کو کاٹ کر سڑک بنائی گئی، اس پر موجود ڈھیروں مٹی اس قدیم دیوار کی باقیات معلوم ہوتی ہے۔’سی سی ٹی وی‘ کے مطابق فی الحال دونوں مشتبہ افراد کو قانون کے مطابق حراست میں لے لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔