کراچی ( اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اردو زبان میں ت سے تنقید بھی ہے اور ترقی بھی، فیصلہ کرنا ہے ہمیں تنقید چاہئے یا ترقی،سائٹ کے صنعتی علاقے میں 31 سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جن میں سے 22سڑکوں کا افتتاح آئندہ دس یوم کے اندر شروع ہوجائے گا،ہماری پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں بلاتفریق خدمت کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کر رہے ہیں، ہم میں اور دوسروں میں فرق یہ ہے کہ دوسرے محض اربوں روپے کے پیکیج کا اعلان کرتے ہیں اور ہم کام کرکے دکھاتے ہیں شیر شاہ چوک سے مرزا آدم خان روڈ تک ایک اعشاریہ چھ کلومیٹر سڑک اور 4 ہزار 700 رننگ فٹ برساتی نالے کو تقریباً 43 کروڑ روپے لاگت سے ازسر نو تعمیر کیا جا رہا ہے،پروجیکٹ کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، پوری کوشش ہے کہ سال کے اختتام یا جنوری تک اسے مکمل کرلیں، یہ بات انہوں نے منگل کے روز شیر شاہ روڈ اور برساتی نالے کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ٹاؤن چیئرمین،یوسی چیئرمین، پیپلزپارٹی کے مقامی عہدیداران، ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ کراچی اور دیگر بھی موجود تھے۔