وٹفورڈ( نمائندہ جنگ ) سابق کونسلر عمران حمید ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ نئی دہلی میں جی 20 کانفرنس میں شریک رکن ممالک کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں، سابق کونسلر عمران حمید ملک نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ امریکہ پاکستان کا اتحادی ہے، پاکستان نے جنگ افغانستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امریکہ کا بھرپور ساتھ دیا اب وقت ہےکہ امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان ، بھارت اور کشمیر ی قیادت کی سہہ فریقی کانفرنس بلانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے، انہوں نے کہا اس وقت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں نظر بند کر رکھا ہے، انسانیت نام کی چیز نہیں ہے، اس وقت مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر مکمل پابندی عائد ہے، بھارت عالمی برادری کے سامنے اپنی خرابیاں چھپانے کیلئے اس طرح کی کانفرنسز کراکے کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتاہے، عمران حمید ملک نے سعودی عرب حکمران شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر اسلامی ملکوں کے سربراہان سے کہا کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ممتاز کشمیر ی رہنما یاسین ملک کی رہائی کیلئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کریں۔