• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن پاک و مقدس کتب کی بے حرمتی رد کرتے ہیں، نواز سلامت

کوپن ہیگن( پ ر)آل پاکستان کرسچن لیگ کے رہنمانواز سلامت نے کہا ہے کہ ڈنمارک کی حکومت کا قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ درست ہے،اگر قانون پاس ہو جاتا ہے تو قرآن پاک ، بائبل اور توریت جیسی مقدس کتابوں کی بے حرمتی پرسزا ہو گی۔ نواز سلامت نے کہا ڈنمارک کی زیادہ تر آبادی کا کوئی مذہب نہیں، وہ انسانیت پر یقین رکھتے ہیں، تمام مقدس کتابوں کے ساتھ ساتھ عام کتابوں کا بھی احترام کرنا ڈینش کلچر کا حصہ ہے، قرآن پاک کی بے حرمتی کے پیچھے بہت چھوٹا سا طبقہ ہے جس کو ڈنمارک کے عام شہریوں نے بھی رد کر دیا ہے۔ اس طبقے کو ڈنمارک کے شہری ، امن اور ملک دشمن سمجھتے ہیں ، دیکھنے میں یہ بھی آیا ہے کہ ڈنمارک کے عام شہری مسلم کمیونٹی سے پہلے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون کی مخالفت کرتے ہیں۔ نواز سلامت نے کہا کہ وہ حکومت اور اپوزیشن کی پارٹیوں کے سربراہان کو ایک خط میں اس قانون پاس کروانے کا مشورہ دے چکے ہیں اور اس سلسلے میں بہت جلد سیاست دانوں سے ملاقات بھی کریں گے۔ ڈنمارک، پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے مسیحی قران پاک کی بے حرمتی کے خلاف آواز اٹھانے میں سر فہرست ہیں۔
یورپ سے سے مزید