لوٹن(پ ر) برطانیہ میں جماعت اسلامی کے ممتاز کشمیری رہنما عابد ملک جو ان دنوں شدید بیمار ہیں، کی بیمار پُرسی کیلئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے انہیں فون کر کے ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔ سراج الحق نے کہا کہ عابد ملک جماعت اسلامی کا اثاثہ ہیں، ان کی جماعت کے ساتھ گہری وابستگی ہے ،جوانی میں انہوں نے جماعت اسلامی کے پروگرامز کو عوام تک پہنچایا، ان کی خدمات پر جماعت کو فخر ہے، اللہ کے دین اور نظام کیلئے ان کی بڑی کوششیں ہیں، برطانیہ میں بھی انہوں نے اس مشن کو جاری رکھا، ایسے نوجوان جماعت اسلامی ،ملک اور قوم کی ضرورت ہیں ۔عابد ملک جیسے لوگ سرمایہ ہیں۔ دریں اثنا تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، سینئر نائب صدر چوہدری محمد شریف، سائوتھ زون کے صدر چوہدری زاہد اقبال، لوٹن برانچ کے صدر چوہدری محمد رمضان، میڈیا ایڈوائزر القد مغل نے عابد ملک کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی، انہوں نے کہا کہ ان کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے بڑی خدمات ہیں، تحریک کشمیر لوٹن برانچ کے محترک رہنما ہیں، تحریک کے ساتھ گہری وابستگی اور ان کا ہمیشہ تعاون رہتا ہے، اللہ سے دعا ہے کہ انہیں مذید خدمت کا موقع اورصحت اور تندرستی دے۔