کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر فور مرحلے میں بھارت نے دو دن میں دوسری کامیابی حاصل کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تاہم پاکستان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ منگل کی شب بھارت نے سری لنکا کو41رنز سے شکست دی ۔ بھارت کے213کے جواب میں میزبان ٹیم172رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ پریما داسا اسٹیڈیم میں سری لنکن اسپنر ویلالاگے نے پانچ وکٹ لینے کے بعد46گیندوں پر42 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ دھنجیا ڈی سلوا41اور آسالانکا 22رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ اسپنر کلدیپ یادیو نے43 رنز دے کر چار جبکہ جسپریت بمرا اور روندرا جڈیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا۔ نسانکا چھ رنز بناکر بمرا کا اور دومیتھ کرونا رتنےدو رنز بناکر محمد سراج کا شکار بن گئے ۔کوشال مینڈس15رنز بناکربمرا کی دوسری وکٹ بنے۔20سالہ سری لنکن اسپنر ڈنتھ ویلالاگے نے اپنے پہلے اوور میں شبھمن گل، دوسرے میں ویرات کوہلی اور تیسرے اوور میں روہت شرما کو آئوٹ کرکے بڑے اسٹیج پر اپنی آمد کا اعلان کیا ۔ انہوں نے40رنز کے عوض5وکٹ لیے ۔ اسپن وکٹ پر بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا اور پوری ٹیم213رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ تمام10وکٹیں اسپنرز کے نام رہیں۔ چارتھ آسالنکا نے 4 اور مہیش تھیکشنا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بھارتی اننگز میں کپتان اور اوپنر روہت شرما نے 48گیندوں پر53رنز بنائے۔ انہوں نے شبھمن گل کے ساتھ پہلی وکٹ پر80رنز بنائے۔گل19، ویرات کوہلی3 اور کے ایل راہول39پر پویلین لوٹے۔ ایشان کن33رنز بناسکے۔47وورز کے بعد بارش کے باعث میچ تھوری دیر روکا گیا ۔