کراچی(اسد ابن حسن) سائبر کرائم کراچی نے ایک کال سینٹر کے گروہ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو جعلی بینک کریڈٹ کارڈ تیار کر کے بڑے سپر اسٹور سے بھاری رقوم کی خریداری میں ملوث تھا۔ سرکل میں درج ایف ائی ار نمبر 40جو کہ انسپکٹر افتاب گوہر وٹو نے گزشتہ روز درج کی ہے کے مطابق نارتھ ناظم اباد میں واقع ایک سپر اسٹور پر نبیل نامی شخص نے خریداری کر کے ایک نجی بینک کا کریڈٹ کارڈ سامان کی رقم ادا کرنے کے لیے دیا۔ شو مئی قسمت اسٹور کے ملازمین اور مالک نے اس کو پہچان لیا کہ وہ کچھ یوم قبل بھی 55 ہزار روپے کی خریداری کر کے جا چکا تھا اور جب بینک کو پیمنٹ ادا کرنے کی درخواست کی گئی تو معلوم ہوا کہ کریڈٹ کارڈ جعلی تھا۔ لہذا ایف ائی اے کو مطلع کیا گیا اور افتاب وٹو نے وہاں پہنچ کر اس کو گرفتار کر لیا۔