کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں غریب بچوں کےلئے علاج مشکل تر ین ہوتا جارہا ہے۔ بچوں کے والدین ڈاکٹر تک رسائی سے قبل کئی مراحل سے گزرتے ہیں جوان کے لئے پریشانی کے ساتھ ذہنی اذیت ، کوفت اور تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ امراض قلب میں مبتلا بچوں کی او پی ڈی ہفتے میں صرف تین دن منگل جمعرات اور ہفتہ کو ہوتی ہے جس کے لئے مذکورہ دن میں صرف 50 ٹوکن جاری کیے جاتے ہیں ۔ ٹوکن کے حصول کے لئے بچوں کے والدین صبح پانچ بجے سے لائن لگا کر کھڑے ہوتے ہیں لیکن اسپتال کا عملہ سات بجے ٹوکن تقسیم کرنے کے لئے ٹیبل لگاتا ہے اورآدھے گھنٹے کے اندر 50 ٹوکن جاری کرکے ٹیبل ہٹا دیا جاتا ہے ۔ اس کے ایک گھنٹے بعد دوبارہ ٹیبل لگائی جاتی ہے اور جاری کیے گئے ٹوکن پر مہر لگائی جاتی ہے اس کے بعد 8 بجے اسپتال کے اندرکاؤنٹر پر جانا پڑتا ہے اور لائن لگا کر دوبارہ اندراج کرانا پڑتا ہے جس کے لئے شناختی کارڈ اور ٹوکن دینا پڑتا ہے جس کے بعد ایک رجسٹریشن رسید دی جاتی ہے۔ رسید حاصل کرنے کے بعد 6 نمبر کمرے سے فائل بنانی پڑی ہےجس کے لئے مذید انتظار کرنا پڑتا ہے اس کے بعد ڈاکٹر سے معائنہ کے لئے لائن لگانی پڑتی ہے اور پھر کہیں جا کر بچوں کا معائنہ ہو پاتاہے ۔ اس سارے مراحل سے گزرنے کے بعد بچوں کے لئے والدین پریشان ہو جاتے ہیں۔