• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذکا اشرف مشکل میں، چیئرمین پی سی بی کا الیکشن کرانے کیلئے دباؤ، پلان دیا جائے، بین الصوبائی وزارت

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کرکٹ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی جہاں خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے وہیں بورڈ چیف ذکا اشرف بھی مشکل میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ان پر چیئرمین کا انتخاب کرانے اور بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کیلئے دباؤ بڑھ گیا ہے۔ بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو یاد دہانی کا خط لکھا ہے جس میں پی سی بی کو گورننگ بورڈ کی تشکیل اور نئے انتخابات کرانے کا مشورہ دیا ہے یہ خط گیارہ ستمبر کو لکھا گیا تھا۔خط کی کاپی جنگ کے پاس موجود ہے، ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ایک خط چار ستمبر کو ارسال کیا گیا جس کے مندرجات کے مطابق دو ماہ قبل پی سی بی نے مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کو چار ماہ کا وقت دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پی سی بی کے انتخابات کیلئے پلان بنایا جائے۔ خط میں تحریر کیا گیا ہے کہ دو ماہ کا وقت گذرنے اور پی سی بی الیکشن کا روڈ میپ اور گورننگ بورڈ ارکان کی نامزدگی کے عمل سے آگاہ کرنے کیلئے وزارت کی بار بار درخواستوں کے باوجود مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے اس ضمن میں کوئی پیشرفت کی جارہی ہے ناہی کوئی دلچسپی دکھائی جارہی ہے۔ پی سی بی آئین کے تحت بی اوجی اور چیئرمین کے انتخابات کرانے کی بنیادی ذمہ داری ادا کرنے کیلئے سرکاری خزانے سے پرتعیش مراعات اور سہولتیں دیتے ہوئے الیکشن کمشنر اور ایڈجوڈیکیٹر کو مقرر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی چیئرمین اس بارے میں آئی پی سی منسٹری کو جلد جواب دیں گے۔ ایک طرف چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کو اس نئے چیلنج کا سامنا ہے تو دوسری جانب ایشیا کپ فائنل کی تقریب تقسیم انعامات میں ان کی عدم موجودگی کو واضح طور پر محسوس کیا گیا۔ اس پر دیگر ملکوں کے بورڈز نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔ پاکستان ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا میزبان تھا لیکن کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں اختتامی تقریب میں ذکاء اشرف اسٹیج پر دکھائی نہیں دیے۔ پی سی بی کے چیئرمین کو اسٹیج پر موجود ہونا چاہیے تھا۔ بھارتی ٹیم اتوار کوجب ٹرافی لے رہی تھی اس وقت پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سلمان نصیر ، بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر راجر بنی ، ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ اور دیگر ایشیائی بورڈ زکے حکام کے ساتھ دکھائی دیے۔ دراصل پی سی بی کے کئی اور افسران کولمبو میں تھے لیکن پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک اہم میٹنگ کے سلسلے میں ذکاء اشرف لاہور واپس پہنچ گئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت آئی پی سی چاہتی ہے کہ جلد سے جلد پی سی بی کے انتخابات ہوں اس لئے رواں ہفتے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ پی سی بی حکام بھی نئے ہفتے میں کچھ بڑے انتظامی فیصلے کرنے جارہے ہیں۔ تاہم اس بارے میں باضابطہ تصدیق کرنے سے گریز کیا جارہا ہے۔

اسپورٹس سے مزید