حیدرآباد(بیورو رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری جی ڈی اے کے اطلاعات سیکرٹری سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ پندرہ سال میں سندھ کی معیشت کو تباہ کردیا گیا ہے، اسکولوں میں فرنیچر اور استاد نہیں ہے، صحت کا برا حال ہے، پیٹرول کی قیمتیں دن بہ دن بڑھ رہی ہے، مہنگائی نے عوام کا برا حال کردیا ہے۔ نیب قوانین پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، سابق چیف جسٹس کے فیصلے کو حکومت سپورٹ کرے، مرضی کی ٹرانسفر پوسٹنگ ہورہی ہیں جو بے معنی ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں، زرداری کے خاص افسروں کو ضلعوں میں مقرر کیا جارہا ہے، جو آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو سپورٹ کریں گے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ اس موقع پر عبدالکریم شر، وقار حسین جٹ، امیر علی تھیبو، چوہدری ظفراللہ، رفیق مگسی اور دیگر موجود تھے۔ سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ قیدی نمبر 804 کے بعد اگر کوئی پاپولر ہے تو وہ سائرہ بانو ہیں، اداروں کو مضبوط کیا جائے جس سے عوام کو سہولتیں میسر ہوسکتی ہیں، جی ڈی اے چاہتی ہے کہ ملک میں صاف شفاف انتخابات ہوں، اگر صاف شفاف انتخابات نہیں ہوئے تو مقصد پورا نہیں ہوگا۔ جہموریت بحال کرنے اور عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے انتخابات کا صاف شفاف ہونا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت مہنگائی کی ذمے دار نہیں ہے سابق حکمرانوں نے آئی ایم ایف سے معاہدے کئے، چند خاندانوں کو ملک کا مالک بنادیا گیا ہے جنہوں نے ملک کے اربوں اور کھربوں روپے لوٹے ہیں، ہمیں کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے کہ مہنگائی ختم اور معیشت ٹھیک ہوگی، کرپٹ حکمران نیب میں اپنی مرضی کی ترامیم کے ذریعے کرپشن کرکے ملک سے بھاگ جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صاف شفاف انتخابات کیلئے دوسرے صوبوں کے افسران مقرر کئے جائیں، جی ڈی اے نے الیکشن کمیشن کے آگے واضع مؤقف رکھا ہے کہ عدلیہ سے افسران مقرر کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اذیت سے سندھ کو چھٹکارا دلانے کیلئے جی یو آئی اور جی ڈی اے میں اتفاق ہوا ہے، عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کو تنہا کردیں گے۔