کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر و رکن رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سید امین الحق نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پیپر لیک ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل کالج کے داخلوں میں بد انتظامی ناقابل برداشت ہے، امتحانات کے دوران شدید بدانتظامی کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں اور پیپر لیک ہونے سے ہونہار طالب علموں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم طلبہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انہیں انصاف دلانے کے لئے ہر قانونی راستہ اختیار کریں گے، کیوں کہ 3 سال سے میڈیکل کے طلبہ کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے جسے بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایم ڈی کیٹ کے امتحانات کو فوری کالعدم قرار دے کر ٹیسٹ کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔