• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کے لاکھوں بچے گزشتہ سال دانتوں کے معائنے سے محروم

لندن (پی اے) لبرل ڈیموکریٹس کی جانب سے آزادی معلومات کے قانون کے تحت حاصل شدہ اعدادوشمار کے مطابق انگلینڈ کے لاکھوں بچے گزشتہ سال دانتوں کا معائنہ کرانے سے محروم رہے جب کہ اس سال جون تک انگلینڈ کے 4.4ملین بچے اپنے دانتوں کا معائنہ نہیں کراسکے یہ تعداد تمام بچوں کے 39فیصد کے مساوی ہے۔ دارالعوام کی لائبریری کے مطابق گزشتہ سال ایسٹ انگلینڈ کے صرف 50فیصد بچوں کے دانتوں کا معائنہ کیا گیا جب کہ این ایچ ایس یوکےکی ویب سائٹ کے مطابق بچوں کو سال میں کم از کم ایک مرتبہ دانتوں کے ڈاکٹروں سے دانتوں کا معائنہ کرانا چاہئے جبکہ منہ کی کوئی بیماری نہ ہونے کی صورت میں بالغ دانتوں کا معائنہ کرانے کیلئے 2سال انتظار کر سکتے ہیں جب کہ اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ 2سال کے دوران 51فیصد سے زیادہ افراد اپنے دانتوں کا معائنہ نہیں کرا سکے۔ لبرل ڈیموکریٹس نے این ایچ ایس کے دندان سازی کے شعبے کو بچانے کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ لبرل ڈیموکریٹ کے ڈپٹی لیڈر اور صحت سے متعلق ترجمان ڈیزی کوپر نےکہا ہے کہ بچوں کے دانتوں میں درد کی وجہ سے نہ تو وہ کھا سکتے ہیں نہ سو سکتے ہیں اور نہ ہی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ وزرا اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں جو کہ قطعی ناقابل قبول ہے۔ ان اعدادوشمار سے حکومت کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ بچوں کے دانتوں کے معائنہ کی رفتار تیز کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اور اسکولوں میں بچوں کو دانت صاف کرنا سکھانے کیلئے تربیتی سیشن کرائے جانے چاہیں جس میں صحیح ٹوتھ برش اور ٹوتھ پیسٹ کا استعمال سکھایا جانا چاہئے۔
یورپ سے سے مزید