• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر قائد میں ٹریفک پولیس غیر فعال، قانون کی خلاف ورزیاں جاری

کراچی (اعظم علی / نمائندہ خصوصی) شہر قائد بدستور ٹریفک کے حل طلب مسائل سے دوچار ہے اور بظاہر اس ضمن میں ٹریفک پولیس یا پھر حکومت کی جانب سے اس مسئلے کے حل کیلئے کوئی اقدامات ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ ٹریفک پولیس کا محکمہ بڑی حد تک غیر فعال نظر آتا ہے، جبکہ شہر کے مختلف حصوں میں غلط طریقے سے ڈرائیونگ اور ٹریفک سگنلز کو نظر انداز کرنے جیسی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ شہر میں حیرت انگیز طور پر 80؍ سے 90؍ فیصد موٹرسائیکلوں میں پچھلی لائٹس (بیک لائٹس) موجود نہیں جبکہ اکثر بائیکس میں ہیڈ لائٹس بھی نہیں۔ سڑکوں پر مناسب روشنی کا انتظام نہ ہونے بالخصوص اندھیرے مقامات پر ٹریفک حادثات کا سنگین خطرہ موجود رہتا ہے۔ شہر کی کئی سڑکیں ناکافی اسٹریٹ لائٹنگ کا شکار ہیں جس سے صورتحال کی سنگینی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ متعدد موٹرسائیکلوں پر بیک لائٹس اور ہیڈ لائٹس کی عدم موجودگی میں جب موٹر سائیکل سوار کالے یا گہرے رنگ کے کپڑے پہنتے ہیں تو صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور سڑک استعمال کرنے والے دیگر سواروں کیلئے انہیں دیکھ پانا مشکل ہو جاتا ہے جس سے حادثات کا اندیشہ رہتا ہے۔ اگرچہ ٹریفک پولیس افسران کو اکثر مختلف چوراہوں پر تعینات دیکھا جا سکتا ہے، لیکن ہیڈلائٹس اور پچھلی لائٹس کے بغیر گاڑیوں کو پکڑنے میں ان کی ہچکچاہٹ اور ان کا چالان کرنے میں ان کی ناکامی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ٹریفک پولیس اہلکار سڑک کے قوانین کی پاسداری کرانے میں ناکام ہیں تو اس ادارے کی ضرورت ہی کیا ہے۔ ماضی کے برعکس، ہیڈ لائٹس اور بیک لائٹس کی غیر موجودگی پر اب کوئی چالان نہیں ہوتا اور خلاف ورزی میں ملوث شہری بلا خوف و خطر دوسرے سواروں کی جان کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں، یہ صورتحال ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے ٹریفک کے مسلسل مسائل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور سڑکوں پر اپنی حفاظت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔ دن بہ دن بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومت کو چاہئے کہ ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سخت اقدامات کرے اور سڑک استعمال کرنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو سختی سے قانون پر عمل کرانے کا پابند بنایا جائے کیونکہ ناکامی کی صورت میں ٹریفک حادثات اور اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید