• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: وزیراعظم کا پیٹرول، ڈیزل کاروں کی فروخت پر پابندی میں 5 برس تاخیر کا اعلان

لندن( نیوز ڈیسک) برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے اپنی حکومت کی گرین پالیسیز سے متعلق خطاب کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی کاروں کی فروخت پر پابندی میں 5برس کی تاخیر کا اعلان کیا ہے۔ ڈاؤئنگ اسٹریٹ میں اس حوالے سے خطاب کے دوران برطانوی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی کاریں اب 2030کے بجائے 2035میں فروخت ہوسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2035کے بعد بھی پیٹرول ڈیزل سے چلنے والی سیکنڈ ہینڈ کاروں کی خرید و فروخت ممکن ہوگی۔ رشی سوناک کا مزید کہنا تھا کہ نئی پالیسی برطانیہ کو دیگر یورپی ممالک سے ہم آہنگ کرے گی۔ ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے سبب 2030تک بیشتر کاریں الیکٹرک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ گیس بوائلر کی جگہ ہیٹ پمپس کی تنصیب کیلئے بھی مزید وقت درکار ہوگا۔ رشی سونک نے کہا کہ2035 کے بعد بوائلر تبدیل کرتے وقت ہیٹ پمپ لگواسکیں گے۔ بوائلر اپ گریڈ اسکیم کے تحت گرانٹ 50فیصد بڑھا کر ساڑھے 7ہزار پاؤنڈ کی جائے گی۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا انتہائی غریب افراد کو نیا بوائلر لگوانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ 2050تک نیٹ زیرو کا ہدف اب بھی حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

یورپ سے سے مزید