لندن (پ ر) تیسرے’’دی پاکستان کپ 2023جشن آزادی‘‘ کے شاندار ٹورنامنٹ میں لندن سے 12ٹیموں نے حصہ لیا جس میں Leyton Lions نے فائنل میں Mavericks CC کو سخت مقابلے کے بعد ایک وکٹ کے نقصان پرشکست دے کر چیمپئنز کا اعزاز حاصل کیا۔ لیٹن لائنز کے کپتان محسن زیب کو کیش ایوارڈ، گولڈ ٹرافی اور کھلاڑیوں کو میڈلز دیئے گئے جب کہ میورکس کلب کے کپتان کاشف نقوی کو رنرز اپ کیش ایوارڈ، گولڈ ٹرافی اور کھلاڑیوں کو میڈلز دئیے گئے۔ Ewell CC اور The Legends نے سیمی فائنلز میں سخت اور دلچسپ مقابلہ کیا لیکن فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔ سلیم یسین نے علی احمد کی باؤلنگ پر شارٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا، ان مقابلوں کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پہلے سال 6اور دوسرے سال 9ٹیموں نے حصہ لیا تھا اور اس سال 12ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں، پاکستانی کھلاڑیوں حسن علی، عابد علی اور حیدر علی نے ٹورنامنٹ کیلئے خصوصی وڈیو پیغامات بھی دئیے۔ ٹورنامنٹ کی انتظامیہ میں ابرار میر چیئرمین دی پاکستان کپ کے علاوہ وسیم سجاد، حسان رحمن، ایان محمود اور ثوبان محمود شامل تھے۔ الیاس شریف اور محمد شفیق نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ ٹورنامنٹ میں افغان ٹیم کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا تاکہ پاکستانی اور افغان کمیونٹی میں ہم آہنگی بڑھے، کپتان عزیز رحمن کو خصوصی ٹرافی بھی دی گئی۔ وسیم خالد نے بیٹنگ اور باؤلنگ میں شاندار آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے اور کیش ایوارڈ کے ساتھ ٹرافی اور اسپیشل میڈل بھی حاصل کیا۔ مہمان خصوصی کونسلر ذوالفقار علی، کیبنٹ ممبر نیوہیم کونسل، وسیم رضا وائس چیئرمین EELCL، ندیم احمد ڈائریکٹر ABS نے جیتنے والی ٹیموں میں کیش ایوارڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ کونسلر ذوالفقار علی نے تمام ٹیموں اور ٹورنامنٹ آرگنائزرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں نسل پرستی کو شکست اور آگے بڑھنا ہوگا، نوجوان اپنے ٹیلنٹ کی بدولت معین علی اور عادل رشید کی طرح اپنا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے مقابلے اور فائنل دیکھ کر بہت مزہ آیا۔ وسیم رضا وائس چیئرمین EDLCLنے سلیم یسین چیئرمین EDLCL کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام ٹیموں اور چیمپئنز اور دوسرے نمبر پر آنی والی ٹیموں کو مبارک دیتا ہوں، انتظامیہ نے ٹورنامنٹ کی کامیابی کیلئے بہت محنت کی اور بارش کے باوجود ٹورنامنٹ مکمل کیا۔ ندیم احمد ڈائریکٹر ABS نے رنرز اپ Mavericks CC کو کیش ایوارڈ، ٹرافی اور میڈلز تقسیم کئے۔ چئیرمین ECCL ندیم اسحاق، عبدالصمد موسیٰ سیکرٹری GMCL اور طارق گل سابق PCC کھلاڑی نے بقیہ دس ٹیموں میں پاکستانی جھنڈے والے برونز میڈل تقسیم کئے، یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کی ہر ٹیم کو میڈلز دئیے جاتے ہیں چاہے کوئی ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکے۔ چیمپئنز Leyton Lions، رنرز اپ Mavericks CC کے علاوہ Becontree Homes, Ewell CC, London Media-1, London Media-2, London Stallions, Pakhtoon Cousins, Prince CC, Sheikhu Strikers, Sialkot Lions and The Legends کی ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا اور تین ٹیمیں سرے، فیلتھم اور ویمبلے سے آئیں۔ ٹیموں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے اور اس طرح کے ٹورنامنٹس کو زیادہ سے زیادہ منعقد کروانے پر بھی زور دیا۔ ابرار میر چیئرمین TPC نے تمام ٹیموں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور مزید بہتری کا عزم بھی دہرایا۔ انہوں نے سلیم یسین اور ندیم احمد کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا اور اپنی نوجوان انتظامیہ کے ممبران کی بھرپور محنت کو بھی سراہا۔