پشاور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخواپروفیسر محمد ابراہیم خان نےحکومت کا عوام کیساتھ رویہ انتہائی ظالمانہ اور ذلت آمیز ہے،جماعت اسلامی عوام کی نمائندہ جماعت ہے جوعوامی مسائل حکمرانوں تک پہنچانے کیلئے سڑکوں، چوکوں اور پارلیمنٹ کے فلور پر صدائے احتجاج بلند کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اپنی حدوں کو چھو رہی ہے، ایک دن پٹرول کی قیمت بڑھتی ہے تو اگلے روز بجلی، گیس اور دوسری چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے، بجلی کے بلوں میں ناروا ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے شہریوں کو اضافی پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے، انھوں نے کہا کہ پشاور میں جماعت اسلامی کا تین روزہ دھرنا بھرپور اور کامیاب رہا، انھوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں اور مہنگائی دونوں سے تنگ آ چکے ہیں،عوام کی نظریں اب جماعت اسلامی کی طرف ہیں، جماعت اسلامی عوام کے مسائل اور مشکلات حل کرے گی۔