• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان لیبر پارٹی سے مستعفی

لوٹن ( شہزاد علی ) ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان لیبر پارٹی سے مستعفی ہوگئے۔ وہ طویل مدت سے لیبر کے متحرک رکن چلے آرہے تھے اور گزشتہ کونسل میں بھی ڈپٹی لیڈر کے عہدہ پر فائز تھے، ان کے استعفے سے مقامی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ راجہ اسلم نے لیبر نیشنل لیڈر سر کیئر سٹارمر اور لوکل کونسل لیڈر ہیزل سمنز کے نام مکتوب بھی بھیج دیا ہے جسے انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا ہے۔ اس مکتوب میں لیبر پارٹی کے سمت سے ہٹ جانے کا ذکر کیا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ وہ لیبر پارٹی جس کا ماٹو انصاف اور مساوات کی فراہمی تھا، اب اپنی اس ڈائریکشن سے ہٹ گئی ہے جس کے باعث میں اب مزید پارٹی کے ساتھ نہیں چل سکتا۔ انہوں نے روزنامہ جنگ کو بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بنیادی وجہ کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ لیبر پارٹی کی مرکزی پالیسیوں کی وجہ سے کمیونٹی اس پارٹی سے دور ہوتی جا رہی ہے اس لئے وہ اپنی کمیونٹی کی آواز بننے پر مجبور ہیں۔ یہ آمریت بمقابلہ جمہوریت کے درمیان ایک واضح انتخاب تھا، پارٹی ان اقدار کو برقرار نہیں رکھتی جن کیلئے یہ کھڑی تھی۔ بی بی سی نے اسلم خان کے حوالے سے خبر دیتے ہوئےکہا ہے کہ’’لوٹن کے ڈپٹی کونسل لیڈر نے’’ آمرانہ‘‘ لیبر پارٹی چھوڑ دی‘‘محمد اسلم خان نے دعویٰ کیا کہ لیبر ایک کنفیوژڈ پارٹی ہے جو ملک کیلئے اور درست کیلئے کھڑے ہونے کی بجائے پارٹی سیاست میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔ لوٹن کونسل کے ڈپٹی لیڈر نے یہ کہتے ہوئے لیبر پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے کہ وہ ’’اب ان اقدار کو برقرار نہیں رکھتی جس نے انہیں ابتدا میں اس کے مقصد کی طرف راغب کیا تھا‘‘۔ محمد اسلم خان نے 12 سال تک لیوسی وارڈ کی خدمت کی اور فی الحال پوئٹس وارڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں جس کی کونسل نے تصدیق کی کہ وہ آزاد حیثیت سے خدمات جاری رکھیں گے۔ لیبر لیڈر سر کیئر سٹارمر کے نام اپنے استعفیٰ کے خط میں انہوں نے کونسل لیڈر ہیزل سیمنز ایم بی ای کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے میرے کیریئر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور یہ کہ ان کے ساتھ اور بہت سے دوسرے افراد کے ساتھ خدمت کرنا اعزاز کی بات ہے جو عوام کیلئےجذبہ رکھتے ہیں۔ ایسٹ آف انگلینڈ میں لیبر کے ترجمان نے کہا کہ ہم کونسلر اسلم خان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں جب کہ لوٹن لیبر نے ردعمل میں کہا کہ پارٹی لوگوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھے گی جو صرف کیئر سٹارمر کی قیادت والی لیبر حکومت سے ہی ممکن ہے۔ خیال رہے کہ لوٹن میں وارڈز کی باونڈری تبدیلیوں کے بعد راجہ محمد اسلم خان مئی 2023 کے بلدیاتی انتخابات میں نو تشکیل شدہ پوئٹس وارڈ کیلئے منتخب ہوئے تھے اور پھر ڈپٹی لیڈر کے عہدہ پر کام کر رہے تھے۔ 19 ستمبر کو انہوں نے اپنے آفس میں آخری دن گزارا۔
یورپ سے سے مزید