کراچی (اسٹاف رپورٹر)کئی ماہ سے گیس کی عدم فراہمی کے خلاف حقانی چوک اور اطراف کے علاقوں کے رہائشی سڑکوں پر نکل آئے۔سوئی سدرن گیس کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے آئی آئی چندریگر روڈ کو شاہین کمپلیکس سے سٹی اسٹیشن تک بند کردیا گیا ۔ضلع جنوبی کے علاقے حقانی چوک اور اطراف میں گیس کی فراہمی بند ہے، مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں گیس کی فراہمی فوری شروع کی جائے ،بجلی اور پانی کے بحران میں مبتلا کراچی کے شہریوں کے لیے اب گیس بھی ناپید ہوتی جارہی ہے اور طویل دورانیہ کی گیس لوڈشیڈنگ کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں اس کی طویل بندش کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک تھی ۔مظاہرین نے کہا کہ ہم نے متعدد بار سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو تحریری شکایات بھی ارسال کی ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صورت حال کا فوری نوٹس لیا جائے بصورت دیگر احتجاج کے دائرے کو مزید وسیع کردیا جائے گا۔