• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹ اینڈ کرافٹس نمائش، 35 قیدیوں کے 200 فن پارے پیش

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سینٹرل جیل کے اشتراک سے قیدی فنکاروں کے فن پاروں پر مبنی آرٹ اینڈ کرافٹس نمائش کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیاگیا،نمائش میں 35سے زائد قیدیوں کے 200 سے زائد فن پارے رکھے گئے ہیں، نمائش پیر تک جاری رہے گی۔ نمائش میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، نگراں صوبائی وزیر داخلہ بریگیڈیئر حارث نواز، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سپرنٹنڈنٹ جیل خانہ جات حسن سہتو ،پی پی رہنما ناصر حسین شاہ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت پولیس ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور قیدیوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نمائش کا افتتاح کیا،اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر برائے داخلہ و جیل خانہ جات نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ نمائش میں پیش کیے گئے فن پاروں کے تخلیق کاروں کو بھی نمائش میں شرکت کے لئے لایا جائے ،جس پر 12 گھنٹے کےخصوصی پے رول پر اعجاز اور اللہ وداہیو کو پیر کو نمائش میں شریک کیا جائے گا،نمائش میں پیش اعجاز اور اللہ وداہیو کے فن پاروں نے شائقین کو حیران کردیا ہے،واضح رہے کہ اعجاز اور اللہ وداہیو کو مختلف مقدمات 25 ،25 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور دونوں قیدی طویل عرصے جیل میں قید کے دوران آرٹ کی تربیت حاصل کرکے ہزاروں روپے ماہانہ کماکر اپنے گھر والوں کا سہارا بنے ہوئے ہیں ،آرٹس کونسل نمائش میں دونوں آرٹسٹوں کے80 سے زائد فن پارے پیش کئے گئے ہیں ۔
اہم خبریں سے مزید