لندن (پی اے) معمر اور کمزور افراد کو 1.9ملین غیر مطلوبہ اور ناگوار مارکیٹنگ کالز کرنے پر پانچ کمپنیز کو مجموعی طور پر 590000پونڈ کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ انفارمیشن کمشنر آفس (آئی سی او) کا کہنا ہے کہ جرمانے وائٹ گڈز اشیاء جیسا کہ واشنگ مشین، فریج اور ٹی وی سمیت دیگر گھریلو سامان کی انشورنس فروخت کرنے کیلئے دباؤ کے حربے استعمال کرنے والی بدمعاش کمپنیوں سے نمٹنے کے سلسلے میں وسیع کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔ جن پانچ کمپنیز پر یہ جرمانے عائد کئے گئے ہیں ان میں ایس جی ایس ہوم پروٹیکٹ لمیٹڈ، کور اپلائینس لمیٹڈ، ایف 12 مینجمنٹ لمیٹڈ، ہاؤس ہولڈ اپلائینس 247لمیٹڈ اور آر ایچ اے پی لمیٹڈ شامل ہیں۔ انفارمیشن کمشنر آفس نے اکتوبر 2021سے اب تک 16کمپنیز پر 1.45ملین پونڈ کے جرمانے عائد کئے ہیں، جن میں سے بہت سی کمپنیز کو غیر قانونی کمالز پر کئے گئے جو کہ ان لوگوں کو ناپسندیدہ مارکیٹنگ کالز کرتی تھیں، جنہوں نے ٹیلی فون پریفرنس سروس (ٹی پی ایس) کے ساتھ رجسٹر کر کے انہیں بلاک کرنے کی کوشش کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق یہ کمپنیاں اکثر معمر افراد اور کمزوریوں کے شکار لوگوں کو ٹاگٹ کرتی تھیں اور زیادہ تر صورتوں میں ایسے لوگوں کو کالز کرتی تھیں، جنہیں پہلے سے سروس کی ضرورت تھی یا نہیں تھی۔ ایک کیس میں جوناتھن ینگ کے والدین نے تقریباً ایک درجن کمپنیز کو ایسی انشورنس پالیسیوں کیلئے مارکیٹنگ کالز موصول ہونے کے بعد 2000پونڈ سے زائد کی پے منٹس کی تھیں، جن کی انہیں ضرورت نہیں تھی۔ مسٹر جوناتھن ینگ نے اپنے والدین کے بنک سٹیٹمنٹس کے ذریعے ان ادائیگیوں کا سراغ لگایا اور انہوں نے رقم کی واپسی کیلئے کوشش میں کئی مہینے گزارے۔ آئی سی او کی تازہ ترین کارروائی میں جن کمپنیوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے ان میں اس کیس کی دو کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ مسٹر ینگ کا کہنا ہے کہ مارکیٹنگ کالز وصولی سے آپٹ آؤٹ کرنے کے باوجود انشورنس پروڈکٹس فروخت کرنے والی کمپنیوں نے میرے والدین کو کالز کی بھرمار کر کے نشانہ بنایا گیا تھا۔ ینگ نے کہا کہ وہ اکثر اس بارے میں الجھ جاتے تھے کہ انہیں کون کال کررہا ہے اور ہائی پریشر سیلز ہتھکنڈوں کی وجہ سے وہ ایسی پالیسیوں کیلئے ہزاروں پونڈ ادا کر رہے تھے، جن کی انہیں ضرورت نہیں تھی یا وہ ان کو واقعتاً نہیں چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایک کال کے دوران میری والدہ کو میرے والد کے ڈیبٹ کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے ادائیگی کرنے پر مجبور کیا گیا ہوگا، جب وہ سو رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیز کو اس طرح سے معمر اور ناتواں افراد کو ٹاگٹ نہیں کرنا چاہئے۔ جوناتھن ینگ نے کہا کہ میں انفارمیشن کمشنر آفس (آئی سی او) کا شکر گزار ہوں کہ اس نے دوسرے خاندانوں کو تکلیف سے بچانے میں مدد کیلئے مسلسل کارروائی کی۔ ٹی پی ایس کے ساتھ رجسٹرڈ کسی بھی شخص کو لائیو مارکیٹنگ کال کرنا قانون کے خلاف ہے تاوقتیکہ فرد نے مخصوص تنظیم کو مطلع نہ کیا ہو کہ اسے ان کی کال وصول کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ آئی سی او میں انویسٹی گیشنز کے سربراہ اینڈی کری کا کہنا ہے کہ ہم نے لوگوں کے ایسی پریشان کن مارکیٹنگ کالز سے متاثر ہونے کی دردناک کہانیاں سنی ہیں اور یہ محسوس کیا کہ انہیں ناپسندیدہ اور غیرضروری انشورنس کیلئے بنک تفصیلات ان کے حوالے کرنے پر مجبور کیا گیا۔ اینڈی کری نے کہا کہ ہم ایسے لوگوں کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں، جنہیں جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ انہیں بے ایمان کولڈ کالز کی جانب سے آسان ٹارگٹ کو انتخاب کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی پی ایس کے ساتھ رجسٹریشن کمپنیوں کیلئے آپ کی رضامندی کے بغیر آپ کو کال کرنے کو غیر قانونی بنا دیتی ہے۔ ہم کسی بھی ایسے شخص کی حوصلہ افزائی کریں گے جواس فری سروس پر سائن اپ کر کے لینڈ لائن فون یا موبائل فون پر غیر منقولہ کالز اور غیر مطلوبہ مارکیٹنگ کالز کو بلاک کرنا چاہتا ہے۔ اگر آپ یا آپ کے پیارے اس قسم کی کال وصول کرنے والے اینڈ پر ہوتے ہیں تو آپ آئی سی او سے رابطہ کریں تاکہ ہم اس کی انویسٹی گیشن کریں۔ ہائوس ہولڈ tpsonline.org.uk پر ٹیلی فون پریفرنس سروس پر جا کر ناپسندیدہ مارکیٹنگ کالز کو بلاک کرنے کیلئے لینڈ لائن یا موبائل فون کو مفت میں رجسٹر کر سکتے ہیں۔ پریشان کن کالوں کے بارے میں آئی سی او کو شکایات ico.org.uk پر کی جا سکتی ہیں۔