اسلام آباد (این این آئی) ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ اسکینڈل میں مزید ہوشربا انکشافات سامنے آ نے لگے ،ذرائع کے مطابق ٹیسٹ میں کم از کم 800 امیدواروں کو نقل کی سہولت فراہم کی گئی، گروہ کی بدولت بظاہر اس امتحان کی ساکھ متاثر ہوئی،تفتیشی ٹیم نے رپورٹ جاری کردی ، اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کی پولیس نے نقل اسکینڈل میں ملوث گروہ کے اعلیٰ تعلیم یافتہ سرغنہ سمیت نو افراد کو حراست میں لیا ہے ،تفتیشی ٹیم کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس گروہ کی بدولت بظاہر اس امتحان کی ساکھ متاثر ہوئی۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ امتحان میں شامل طالب علموں کو بلیو ٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے نقل کرانے کیلئے25لاکھ روپے سے35لاکھ روپے تک رقم وصول کر رہا تھا۔ پولیس نے پشاور سمیت دیگر اضلاع میں کی جانیوالی کارروائی کے دوران گرفتار ہونیوالے افراد سے44الیکٹرانک ڈیوائسز، چار مائیکرو فون، تین موبائل فون، ایک سمارٹ واچ اورلاکھوں روپے کا ایک بینک چیک بھی برآمد کیا ہے۔