کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر کی ہدایت پر جامعہ کراچی کے اساتذہ نے ہڑتال ختم کردی۔ مذاکرات کیلئے وزیراعلیٰ نے تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی شرط رکھی ۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے سیکرٹری یو اینڈ بی اور سیکرٹری ایچ ای سی نے جامعہ کراچی کے عملے کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات تسلیم کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دیں کہ تمام پبلک سیکٹر جامعات جلد از جلد اپنے سینیٹ اجلاس منعقد کریں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا کی یونیورسٹیز نے اپنے تحقیقی کام کے ذریعے سائنس و ٹیکنالوجی، طب اور دیگر شعبوں میں انقلاب برپا کیا ہے لیکن ہماری یونیورسٹیوں نے ایسا قابل تحسین کام نہیں کیا جس کا عالمی فورمز پر حوالہ دیا جا سکے ، زیادہ تر پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز کو ایسی کوئی برتری حاصل نہیں اس لیے ہمیں جائزہ لینا ہوگا کہ خامیاں کہاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اور صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اجلاس نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر طارق رفیع، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری حسن نقوی، سیکرٹری خزانہ کاظم جتوئی، سیکرٹری یو اینڈ بی نور محمد سموں اور دیگر نے شرکت کی۔