• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ کی موجودگی میں ڈیپوٹیشن، 18 گریڈ افسر کو 20 گریڈ کی عجیب تقرری

کراچی( سید محمد عسکری) ڈیپوٹیشن پر پابندی کے عدالتی حکم اور سندھ میں سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج مقبول باقر کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ موجودگی کے باوجود ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر تقرریوں کا عمل جاری ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں سیکرٹری ڈاکٹر شیریں مصطفیٰ نے ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر ایسی عجیب غریب تقرری کردی ہے جو اپنی مثال آپ ہے اور یہ تقرری ایسے وقت کی گئی ہے جب تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کے گریڈ 18کے افسر عاشق حسین کو ڈیپوٹیشن پر ایک برس کیلئے سینئر ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے وہ گریڈ 20کے ڈائریکٹر کے مساوی ہوں گے اور بطور سینئر ڈائریکٹر محکمہ اسکول ایجوکیشن کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کےروز مرہ کے امور کو دیکھیں گے۔ ادھر برسوں سے محکمہ تعلیم میں ڈیپوٹیشن پر تعینات نگراں وزیر تعلیم کے گریڈ 17کے پرائیویٹ سیکرٹری عبدالحلیم سومرو کو تاحال اصل محکمہ نہیں بھیجا گیا ہے اور اب انہوں نے نگراں حکومت میں بھی اپنا اثر رسوخ اور کنٹرول برقرار رکھا ہوا ہے۔ عبدالحلیم سومرو کا تعلق محکمہ بہبود خواتین سے ہے اور سابق وزیر تعلیم سردار شاہ کے دور میں تبادلے و تقرریاں کا پورا نظام ان کی مرضی سے چلتا تھا۔
اہم خبریں سے مزید