اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کے چیئرمین سیف اللہ ابڑو نے کہا ہے کہ کسی فورم پر آتے ہوئے نیپرا کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔ قائمہ کمیٹی برائے پاور کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ سیف اللہ ابڑو نے نیپرا کے حکام سے سوال کیا کہ چیئرمین نیپرا کہاں ہیں؟ نیپرا حکام نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا میں اتھارٹی کا اجلاس ہے۔ جس کے بعد چیئرمین کمیٹی نے سوال کیا کہ ممبرانِ نیپرا کہاں ہیں؟ نیپرا حکام نے سوال کے جواب میں کہا کہ ممبران نیپرا بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ سیف اللہ ابڑو نے یہ جواب سننے کے بعد برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیپرا پورے پاکستان کو نچاتا ہے اور آئے روز آپ لوگ عوام کو 3 سے 4 روپے کا ٹیکہ لگاتے ہو لیکن کسی فورم پر آتے ہوئے نیپرا کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔